نیپرا نے رواں مالی سال کیلئے بجلی کےبنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کہ رواں ہفتے ہی جاری ہونے کا امکان ہے ۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق ریگولیٹرز نے سات روپے بارہ پیسے ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی ہے، نیپرا نے منظوری دیدی تو ٹیرف یکم جولائی سے بڑھ جائے گا ۔ جولائی سے ستمبر تک 3.63 روپے کی اضافی وصولی ہو گی ۔ ٹیرف میں باقی اضافہ اگلے نو ماہ میں وصول کیا جائے گا ۔
دوران سماعت سی پی پی اے نے کپیسٹی چارجز کا دفاع کیا اور کہا کہ کہ کپیسٹی چارجز صارفین کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ، ایک کاسٹ کا نام ہے ، ہم نے کوئی نئی چیز ایجاد نہیں کی۔ آئی پی پیز ایک یونٹ بھی بجلی پیدا نہ کریں پھر بھی2200 ارب روپے کی کپیسٹی پیمنٹس دینی ہوتی ہیں۔
نیپرا اتھارٹی نے سوال اٹھایا کہ جب بجلی مزید مہنگی ہو تو ریکوری کم ہو گی یا بڑھےگی ؟ کمپنیوں میں نااہلی پر جزا اور سزا بھی ہونی چاہیئے ۔ سی پی پی اے اور پاور ڈویژن نے مختلف کیٹیگریز کے بجلی صارفین کیلئے ٹیرف اور سبسڈی کے اعدادوشمار پیش کئے اور بنیادی ٹیرف بڑھانے کی استدعا کی ۔
چیئرمین نیپرا نے کہا بلنگ سلیب تبدیل کرنےکےحوالےسے انکوائری رپورٹ جلد سامنے آ جائے گی ۔ اس کام کیلئے تین چار روز سے جاگ رہے ہیں ۔ نیپرا نے لوڈشیڈنگ پر کمپنیوں کو جرمانے کئے ، وہ عدالتوں سے حکم امتناع لے لیں تو نیپرا کیا کر سکتا ہے ۔
نیپرا نے ریگولیٹرز کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے ۔ فیصلہ اگر درخواست گزاروں کےحق میں آیا تو 200 یونٹ سے زائد والےبجلی صارفین کیلئے ٹیرف یکم جولائی سے 7 روپے بارہ پیسے بڑھ جائے گا ۔