حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ کی منسوخی کے معاملے پر نادرا کی اپیلوں پر سپریم کورٹ نے تین رکنی بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔
جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نادرا کی اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ اپیلیں دو رکنی بینچ کے سامنے لگی ہیں۔ مناسب ہوگا یہ اپیلیں تین رکنی بینچ میں سنی جائیں۔ عدالت نے مقدمہ تین رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
یاد رہے کہ نادرا نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ کا شناختی کارڈ غیر ملکی ہونے پر منسوخ کر دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حافظ حمد اللّٰہ کے شناختی کارڈ کی منسوخی کالعدم قرار دیتے ہوئے بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ نادرا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اب سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔