انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کردیں۔
منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے وکلاء کے دلائل کے بعد 6 جولائی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کردیں۔
فیصلہ سنائے جانے سے قبل فاضل جج خالد ارشد نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کہاں ہیں ؟ ، جس کے جواب میں انہیں بتایا گیا کہ سلمان صفدر اسلام آباد ہیں اور انکے جونیئر وکیل عبداللہ عدالت آئے تھے لیکن اب وہ کمرہ عدالت میں نہیں ہیں۔
فاضل جج کی جانب سے پراسکیوشن کو بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے کہ آج ہم مختصر فیصلہ سنا دیتے ہیں اور تفصیلی فیصلہ صبح ( بدھ ) کو جاری کریں گے۔
تھانہ گلبرگ، تھانہ سرور روڈ اور تھانہ شادمان پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔