چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا کہنا ہے کہ جسٹس طارق محمود کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے معاملے پر فل کورٹ سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری کے علاوہ تمام ججز فل کورٹ بینچ کا حصہ ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اس طرح کی مہم برداشت نہیں کریں گے، کسی نے سبق نہیں سیکھا ،جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کو نہیں چھوڑیں گے، بس بہت ہوگئی ہے،اختلاف کریں کوئی منع نہیں کررہا ، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور پیمرا کو کچھ نظر نہیں آرہا ؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوگئے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ لوگ اس بات کی اجازت دے رہے ہیں؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ وزیر قانون ، وزیر اطلاعات اٹارنی جنرل سب خاموش ہیں، تاثر جارہا ہے آپ لوگ اس کے پیچھے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔
قبل ازیں گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کیخلاف جاری سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 9 جولائی کو ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری ایک قابل اور محنتی جج ہیں، جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف بدنیتی پرمبنی سوشل میڈیا مہم کی مذمت کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری کا بطور وکیل، ڈپٹی اٹارنی جنرل شاندارپیشہ ورانہ کیریئر ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن عدلیہ کی آزادی،خودمختاری پرمکمل یقین رکھتی ہے۔