سعودی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار7 جولائی کو نئے اسلامی سال 1446ھ کا آغاز ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سپریم کورٹ نے بیان میں کہا کہ جمعہ 5 جولائی 2024 (29 ذی الحجہ) کو نئے ہجری سال کے ماہ محرم کا چاند نظر نہیں آیا‘۔
رویت ہلال کے حوالے سے مطلوبہ شواہد مکمل نہ ہونے کی بنیاد پر طے کیا گیا کہ سنیچر کو ذی الحجہ کی 30 تاریخ ہوگی جبکہ اتوار کو ماہ محرم 1446ھ شروع ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان میں محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام کے مہینے سے ہوتا ہے، سال کا پہلا مہینہ ہونے کی وجہ سے محرم کے مہینے کی اسلام میں خاص اہمیت ہے۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ انتظامی امور نے یکم محرم الحرام کی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔