استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عون چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) والے اگر سانحہ 9 مئی کی معافی مانگ لیں تو ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی پی پی رہنما عون چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کےخلاف سازش کی، ملک کے خلاف پی آر فرم کو استعمال کیا جارہا ہے۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری نے یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کے خلاف خط لکھا، یہ پروڈکٹ 2016 سے چل رہا ہے ، انہی صاحب نے فرم ہائر کی تھی، سائفرڈرامہ رچانے والوں نے اسی ملک کی لابنگ فرم کی خدمات لیں۔
آئی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملک اور مسلح افواج کے خلاف گھناؤنی مہم چلاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو پیسہ کہاں سےآرہا ہے، سب معلوم ہے، پوری منی ٹریل جانتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا مقصد ہے ملک میں انتشار پھیلے اور آگ لگے، ان سے بڑے دشمن ملک کے باہر بھی موجود نہیں، اگر اپنے لیڈر کو چھڑاونا ہے تو پاکستان آکر بات کرو۔