خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک اور پولیو کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں سال پاکستان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق بنوں میں مقیم ڈیڑھ سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 2023 کے دوران ملک میں تین بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک 34 ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پہلا کیس
پاکستان میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس مارچ میں سامنے آیا تھا جب بنوں کی یونین کونسل گھوڑا بکا خیل سے تعلق رکھنے والے تین سالہ بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
دوسرا کیس
2023 کا دوسرا کیس بھی خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ہی رپورٹ ہوا تھا۔
وزارت صحت کے مطابق اگست میں بنوں میں رہنے والے 3 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اس وقت کے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا تھا کہ وائرس کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ایک ہی ضلع سے ہی تینوں کیسز کا رپورٹ ہونا بھی تشویشناک ہے۔
بلوچستان میں پولیو مہم
خیال رہے کہ منگل کے روز صوبہ بلوچستان میں پولیو مہم کا آغاز کرد یا گیا ہے جس کے تحت پانچ سال سے کم عمر کے 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
Balochistan stands united against polio❗
— Pak Fights Polio (@PakFightsPolio) October 4, 2023
This nationwide campaign, more than 2.4 million children under 5️⃣ years will receive polio drops. Let's act together to ensure a brighter, polio-free future for every child.#VaccinesWork #EndPolio pic.twitter.com/nGzrvhgfSp
محکمہ صحت کے حکام نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے روشن اور پولیو سے پاک مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے تعاون کریں، وٹامن اے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے جبکہ بچوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
لاہور میں پولیو مہم
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بدھ کو قومی پولیو مہم کے تیسرے روز 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حید ر کے مطابق مہم کے تیسرے روز 4 لاکھ 26 ہزار 537 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ مہم کے دوران اب تک 2 لاکھ 91 ہزار 121 گھروں کو کور کیا جاچکا ہے۔
رافعہ حید ر نے بتایا کہ مہم کے دوران 67 انکاری والدین کو قائل کر کےبھی بچوں کو قطرے پلائے گئے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 7 روزہ مہم میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ بین الااقومی طور پر 2023 کے دوران پولیو کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔