سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملک کے گلی محلے میں انقلاب پرورش پا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میرے گھر صرف ایک وقت چولہا جلتا ہے جبکہ میں ناشتہ بھی کھوکھے یا ریڑھی پر اپنے محلے میں کرتا ہوں لیکن میرا گیس کا بل ایک لاکھ روپے آیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بتایا کہ میرا بجلی کا بل بھی ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار روپے آیا ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ لوگوں کے پاس قبر کیلئے پیسے نہیں ہیں اور مہنگائی نے لوگوں کو زندہ دفن کردیا ہے۔
اس سے قبل ہفتہ کو بھی شیخ رشید احمد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں صحافیوں کو اپنے بجلی کے بل کے بارے بتا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری بیوی اور بچے بھی نہیں ہیں، گھر میں اکیلا رہتا ہوں لیکن پھر بھی بجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپے آیا ہے۔
انہوں نے اپنے بجلی کے بل کی کاپی بھی صحافی کو دی تھی۔