قومی اسمبلی میں بجٹ منظوری کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے،اور امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرخزانہ محمد اورانگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ منظوری کے بعد ملاقات کی، وزیراعظم نے وزیرخزانہ م کی عوام دوست بجٹ کی منظوری پرمسرت کا اظہار کیا اور وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ، منصوبہ بندی، ایف بی آر سمیت متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ تیاری کیلئے کوششوں کو سراہا۔
وزیرِ اعظم میاں محمدشہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا،امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا،پوری کوشش کی موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا،بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور آئی ٹی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی،اشرافیہ اور ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے،ایسا ممکن نہیں غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے، الحمدللہ پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے،حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے،ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات اور ملکی خزانے پر بوجھ اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔