وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپنی پاور کو اپوزیشن کے خلاف کبھی استعمال نہیں کیا، حلفاً ایوان کو بتانا چاہتی ہوں کہ پنجاب حکومت یا نوازشریف نے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے مخالف کی سہولیات بند ہوں، نوازشریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں ان کی رہنمائی و مدد ہر روز حاصل رہی جو تاریخی کامیابی سے آپ کے پاس آئی ہوں، وزیر اعظم شہبازشریف کی شکر گزار ہوں جنہوں نے حوصلہ بڑھایا، نوازشریف قوم کا وہ لیڈر ہے جو کہتا ہے عمران خان کی جیل میں اگر ایک اے سی ہے تو دو لگا دو۔
جمعہ کو پنجاب اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ تاریخی بجٹ کو ممکن بنانے پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن کو شاباش دینا چاہتی ہوں، کاغذی منصوبے نہیں دئیے بلکہ کیش بیک منصوبے شروع کئے جس کو بجٹ کے فوری بعد لاگو کر دیا جائے گا، وزراء کو شاباش کہنا چاہتی ہو وہ دفتر کے بجائے قوم کی خدمت کی، ملکی تاریخ میں پڑھی لکھی قیادت پہلے کبھی ایوان میں نہیں بیٹھی ہوگی، پنجاب کا بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا نہیں بلکہ اس پر سال بھر میں عمل کرکے دکھاؤں گی
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بجٹ پر ایک پیسہ کا ٹیکس نہیں لگایا، مہنگائی میں آج بہت حد تک کمی آ چکی ہے، پی ٹی آئی کی نااہلی بعد عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، جو دوائی انہوں نے ہسپتالوں میں بند کر دی تھی اب مفت ملنا شروع ہو گئی ہے، مفت دوائی عوام کو ان کی دہلیز پر دی جا رہی ہے، افسوس ہورہا ہے کاش مجھے شہباز شریف کا پھلتا پھولتا پنجاب ملتا تو بہت آگے لے جاتی، کرپشن و رشوت کے لتھڑے لوگ ہیں ایک وزیر اعظم آلو پیاز ٹماٹر کے ریٹ چیک کرنے نہیں آیا میں ان چیزوں میں کمی کے بعد ایوان میں آئی ہوں، تاریخی فیصلے سے آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی آئی جو پہلے مہنگی فروخت ہو رہی تھی۔
کرپشن صحت کا نظام کا حصہ بن چکی ہے
مریم نواز کا کہنا تھا کہ برسوں کی نااہلی سے مجرمانہ سوچ اور کرپشن صحت کا نظام کا حصہ بن چکی ہے، صحت کے شعبہ میں انقلاب لا کر دکھائیں گے، پنجاب کے تمام ڈی ایز ہیلتھ سنٹر ٹی ایچ کیوز ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کریں گے، ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں تک فری لے کر جا رہے ہیں، عوام کو بتانا چاہتی ہوں کامیاب ترین منصوبوں میں فیلڈ ہسپتال کلینک آن ویلز ہے، بارہ لاکھ افراد کاعلاج کلینک آن ویل سے کروایا گیا، فیلڈ ہسپتال کے پی میں بھی بھیجا ہے کے پی والے بھی فیلڈ ہسپتال بنائیں تاکہ ہمیں نہ بھیجنا پڑے، فیلڈ ہسپتالوں میں فری دوائیاں مل رہی ہیں بلکہ لوگوں کے مفت ایکسرے ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے 13 بچوں کی اموات پر کسی ڈاکٹر کو ہتھکڑی نہیں لگائی ،بچے کو ٹیکہ لگانے سے جان چلی گئی تو نرس کے خلاف ایکشن لیا تو نرسیں ہڑتال پر چلی گئیں، پیغام دینا چاہتی ہوں اگر وائی ڈی اے یا کسی نے غریب کی خدمت پر خلل ڈالا تو خاموشی سے تماشائی نہیں بنوں گی۔
اپنا گھر سکیم
ان کا کہنا تھا کہ اپنا گھر سکیم کے تحت حکومت پلاٹ والے کو پندرہ لاکھ روپے کا قرضہ دے گی تاکہ وہ گھر بنا لے، اپنا گھر سکیم کے تحت گھر میں دو بیڈ روم ایک کچن ایک باتھ روم ہوگا، اپنا گھر سکیم کے تحت اگر کسی کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے تو ماہانہ قسط بارہ ہزار اور بارہ سال میں واپس کرنا ہوگا، سکیم پچاس لاکھ گھر جیسا جھوٹا نعرہ نہیں ہے۔
انتظامی امور میں سیاسی مداخلت کی جگہ نہیں دی
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم خدمت میں پیچھے نہیں بلکہ بہت آگے جائیں گے، کرپشن اپوزیشن کی مہربانی سے پاکستان کے طول وعرض میں پہنچ چکی ہے، تین ماہ میں سو پروگرام کی لانچ کے بعد کرپشن کو ختم کرنے کے لئے کام کررہی ہو، جلد ایسا سسٹم لاؤں جو جہاں رشوت مانگے اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، جو عوام کا پیسہ جیب میں ڈالتے ہیں انہیں پنجاب حکومت نشان عبرت بنا دے گی، انتظامی امور میں سیاسی مداخلت کی جگہ نہیں دی، ایک بھی تقرری بغیر میرٹ کے نہیں ہوگی، کوئی وزیر اعلیٰ دعویٰ نہیں کر سکتا اس کے دور میں ایک تقرری بھی سفارش سے نہیں ہوئی۔
کسان پیکج
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تاریخی کسان پیکج لا رہے ہیں چار سو ارب روپے کا پیکج آ رہا ہے، تیس ارب روپے سے تاریخی کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم شروع کر رہے ہیں، ہر فصل کے لئے بلاسود ڈیڑھ لاکھ روپے قرضہ دیں گے، بیج اور ادویات کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے کسان کو ملے گا، کسان کو کہنا چاہتی ہوں کسی کے بہکاوے میں مت آئیں آنے والے وقت میں کسان بہت خوشحال ہوگا، کسانوں شرپسند اور پروپیگنڈہ ، لڑائیاں کروانے عناصر کی بات میں نہ آنا، ایگری کلچر ریفارمز ایک چھت میں تمام سہولیات دیں گے
ان کا کہنا تھا کہ ایک چھت کے نیچے کسان کو کوالٹی سیڈ کوالٹی کھاد دیں گے ، کسان کا ہاتھ نہ کٹے کم محنت میں زیادہ پیسہ ملے تو زراعت کے نظام کو میکانائز کریں گے، آٹھ ارب منصوبے میں جدید آلات کے پہلے مرحلے میں تھریشر اور سپر سیڈ دیں گے چالیس فیصد کسان کو دینا پڑے گا، ہماری محنت کش مائیں بہنیں کھیتوں میں کام کرتی ہیں دھوپ و گرم پانی میں گھنٹوں کام کرتی ہیں سلام پیش کرتی ہوں، بہت سارے لوگوں کا تعلق دیہات سے ہے، سولر ٹیوب ویل لا رہے ہیں، بجلی و ڈیزل کی مد میں کسان کو سبسڈی دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آئل سیڈ کی پیداوار کو بڑھائیں گے تاکہ تیل کی قیمت کو نیچے لائیں، تیس ارب روپے کے ٹریکٹر کسانوں کو دیں گے ستر فیصد حکومت تو تیس فیصد حکومت دے گی۔
تعلیم میں پی ٹی آئی کا انرولمنٹ فراڈ اور جعلی تھا
انہوں نے کہا کہ حلفاً کہتی ہوں تعلیم میں پی ٹی آئی کا انرولمنٹ فراڈ اور جعلی تھا، میپنگ سکول بنائی ہے تاکہ کسی بھی چیز کی کمی کو پورا کریں گے، پہلی بار تعلیم کے شعبہ کو کریکولم ، ٹیچر کا احتساب اور سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام، آؤٹ آف بچوں کو اچھے سکولوں میں بھیجیں گے، جب تک پورے نظام میں تبدیلی نہیں لاتی سکون سے نہیں بیٹھوں گی، چھوٹے بچوں کےلئے تعلیمی نظام کو تبدیل کروں گی، نوازشریف چلڈرن لائبریری قائم کررہے ہیں کے بجٹ کی منظوری دیدی ہے، ارلی ایجوکیشن پروگرام اور سپیشل ایجوکیشن پروگرام لا رہے ہیں، ہمت کارڈ دینے جا رہی ہوں جس سے تین سے چار ماہ کا خرچہ ہوگا، جو وہیل چئیر نہیں لے سکتا اب معذور افراد کو وہیل چئیر گھر پہنچاؤں گی، اسکولز کا دورہ کیا تو بتایا گیا کہ اکثر بچے ناشتہ کرکے نہیں آتے عاجزی سے اعلان کرتی ہوں پنجاب بھر میں کلاس ون تک فری کھانا دیں گے، ستائیس ارب روپے کی لاگت سے کلاس تھری سے فائیو تک مفت دودھ سکولوں میں بچوں کو دیا جائے گا، جنوبی پنجاب لیہ بھکر راجن پور سے مفت دودھ والی سکیم کو شروع کریں گے، تمام بچوں کو فری دودھ سکول کی چھٹیوں کے بعد دیا جائے گا۔
لیپ ٹاپ سکیم و سپورٹس کی سرگرمیاں
ان کا کہنا تھا کہ دس ارب روپے سے پنجاب میں لیپ ٹاپ سکیم لا رہے ہیں، پہلی بار میٹرک انٹر ٹیک پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، اسکول میں سکلڈ ڈویلپمنٹ کے ساتھ سپورٹس کی سرگرمیاں بھی شروع کریں گے، سپورٹس کو پنجاب کے ہر ضلع میں لائیں گے اور کھیلوں کے مقابلے شروع کریں گے، سپورٹس پروگرام کمیونٹی سپورٹس پروگرام شروع کریں گے، ہر یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈ بنانے کا شروع کیا ہے، پچیس ارب روپے سے پنجاب کے طلبہ کےلئے سکالرشپ پروگرام لا رہی ہوں اگر غریب کا بچہ لمز میں پڑھنا چاہتا ہے تو فیس مریم نواز دے گی، اسکالر شپ پروگرام ، سکلڈ پروگرام کا وعدہ کیا اسے پورا کروں گی، آرٹیفیشلئ انٹیلی جنس سمیت جدید تعلیم شروع کر دی ہے جسے پنجاب کے ہر ضلع میں لاکھوں طلبہ کو پڑھائیں گے۔
سو دنوں کے کام بجٹ تقریر میں نہیں سمیٹ سکتی
انہوں نے کہا کہ جو سو دنوں میں کام کر لئے اسے ایک بجٹ کی تقریر میں نہیں سمیٹ سکتی، اپوزیشن کے پاس نعرے بازی شور مچانے کے علاوہ کچھ نہیں، میرے لئے حکومت ایک چیلنج تھا ادھر شہبازشریف جیسا بھی رہا جس نے خدمت سے عوام کی تقدیر بدلی، گورننس کے نظام میں جدت اور بزنس اپروچ بھی لانا تھی، سو دن کے بعد جو کھڑی ہوں تاریخ میں کہاجاتا میں یہ کروں گا یا کروں گی تو اسے تبدیل کرکے آئی ہوں اور کام کرکے آئی ہوں، سو دنوں کی پی ٹی آئی کی اخبارات میں کارکردگی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تین ماہ کی کارکردگی پر پی ٹی آئی نے اشتہارات دیا کہ ہم خدمت میں نہیں بلکہ انتقام لینے میں مصروف تھے۔