پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر16فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
او سی اے سی اور انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے ستمبر تک کی مدت میں 3.77ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.49ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ ستمبرمیں 1.01ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت دیکھنے میں آئی جوگزشتہ سال ستمبرکے مقابلے میں 34 فیصد کم ہے۔
گزشتہ سال ستمبرمیں 1.52ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی ۔ اگست کے مقابلے میں ستمبرمیں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر16فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔اگست میں 1.41 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو ستمبر میں کم ہوکر1.01ملین ٹن ہوگئی۔ اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر ایک فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 2 فیصد اور فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر65 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 19فیصد،اٹک پٹرولیم 7فیصد،شیل 16فیصد کمی جبکہ حیسکول کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر35 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔