سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پارٹی پالیسی یہی ہے کہ کسی بھی معاملے میں جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔
اسلام آباد میں سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا نے کہا کہ ماضی میں آپریشنز کی حمایت کرنے پر لاشیں بھی ہمارے ہی گھروں میں آئیں، کسی نئے آپریشن کی ماضی کی طرح حمایت نہیں کرسکتے ، اب جواز پیش کرنا ہوگا، بتانا پڑے گا آپریشن کس کس کے خلاف اور کن کن علاقوں میں ہوگا؟۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ کے پی میں آپریشن کی باتیں ہو رہی ہیں حالانکہ ضرورت جنوبی پنجاب میں ہے، جنوبی پنجاب کو کالعدم تنظیموں اور عسکریت پسندوں سے پاک کرنا ہوگا۔
حامد رضا نے کہا کہ کے پی میں آپریشن سے پی ٹی آئی حکومت کو کمزور کرنے کا تاثر ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بیٹھ کر کہہ دیا اور آپریشن شروع ہوگیا ، یہ کوئی طریقہ نہیں، معاملہ آپریشن کا ہی کیوں نہ ہو ، جے یو آئی کے ساتھ نہ بیٹھنا ہماری پارٹی پالیسی ہے، گرینڈ اپوزیشن الائنس میں بھی سنی اتحاد کونسل کی طرف سے نہیں بیٹھیں گے۔