مشترکا تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو جناح ہاؤس سمیت سانحہ 9 مئی کے 7 مقدمات میں گنہگار قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے لوگوں کو مشتعل کیا۔ حکام کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
رپورٹ کے مطابق جیل میں کیا گیا پولی گرافک ٹیسٹ بھی شاہ محمود قریشی کے بیانات میں جھوٹ کی نشاندہی کرتا رہا، جلاؤ گھیراؤ اور پر تشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا۔
پولیس کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی، جے آئی ٹی شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرنے 3 بار جیل گئی، ساتوں مقدمات میں گناہ گار قرار دیکر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سائفر کیس میں بری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو پولیس نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں گرفتار کرلیا ہے، اڈیالہ جیل میں قید شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی۔