سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی مرضی کے بغیر کے پی حکومت کوئی آپریشن نہیں ہونے دے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پارلیمان، عوام اور بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کیے بغیر کچھ بھی قابل قبول نہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بیٹھ کر کے پی کی حدت کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا، آپریشن کے نام پر خیبرپختونخوا کا سماجی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پردے کی پابند خواتین در بدر ہوئی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کچھ کرنا ہے تو پہلے منصوبہ قومی اسمبلی میں لائیں اور چاہیں تو ان کیمرا اجلاس کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مطمئن کیے بغیر کچھ بھی قابل قبول نہیں۔