پنجاب میں آنکھوں کے غیر معیاری ایوسٹین انجکشن کے درجنوں افراد کے بینائی سے محروم ہونے کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب نے مزید نو ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز کو معطل کردیا۔
محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آنکھوں کے انجکشن سے بینائی جانے کے واقعات پر مزید نو ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کو معطل کر دیا گیا ہے ، اور اب تک غیر معیاری انجکشن کے معاملے پر معطل کیے گئےڈرگ انسپکٹرزکی تعداد بیس ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ڈریپ کا ایوسٹن انجکشن کے غیر منظور شدہ ہونے کا اعتراف
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے عزیز بھٹی ٹاہون کے ڈرگ انسپکٹر ، وزیرآباد سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور منچن آباد سے ڈرگ انسپکٹر، چکوال ڈسٹرکٹ سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور ڈرگ انسپکٹر جبکہ اٹک سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور بہاولپور سے ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا ۔
محکمہ صحت پنجاب کےنوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرگ انسپکٹرز کو نظم وضبط اور احتساب ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔انجکشن اسکینڈل کے ذمہ داران کوسزا ضرورملے گی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب
واضح رہے کہ پنجاب میں غیر معیاری ایوسٹین انجکشن کے استعمال سے درجنوں افراد بینائی سے محروم ہوچکی ہیں، اور حکومت کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری ہے ،جبکہ سندھ حکومت بھی اس انجکشن کے استعمال پر پابندی عائد کرچکی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے آنکھوں کی ادویات کی سپلائی مانیٹرکرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ سندھ میں اوسٹین انجکشن کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔