راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، پارلیمانی لیڈر سنی اتحاد کونسل زرتاج گل سمیت دیگر کی طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔ سمن 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے حوالے سے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات میں جاری کیئے گئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، محمد اشرف سوہنا اور مہر محمد جاوید کی طلبی کے سمن جاری کیئے۔ ملزمان کو تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں طلبی کے سمن ایس ایچ او کے ذریعے جاری کیئے گئے جس میں تمام ملزمان کو چھبیس جون کو سماعت کیلئے اڈیالہ جیل عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،ایم این اے زرتاج گل ، شبلی فراز اور فواد چوہدری کو نو مئی کے مقدمات میں فیصل آباد میں انسداد دہشتگری عدالت سے ضمانت مل گئی۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان بطور وکیل عدالت میں پیشے ہوئے عدالت نے چاروں رہنماؤں کو ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا ایک حوالدار، ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو مہرہ بنا کر پورے پنجاب میں ہمارے لیڈرز اور کارکنان کو درجنوں مقدمات میں گھسیٹا گیا، جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جبکہ پولیس کے پاس دہشت گردی کا کوئی ریکارڈ ہے ناں ہی ثبوت پیش کیا گیا۔