ایشیا کپ میچز کےدوران پاکستان میں پناہ گزین افغان خاتون کی قسمت کھل گئی، ٹریفک پولیس نےڈیڑھ سال قبل نوسربازوں کے جھانسےمیں آ کرافغانستان سے آنے والی لڑکی کے ورثاء کو تلاش کرلیا ۔
ڈیڑھ سال قبل نوسربازوں کے جھانسے میں آکر پاکستان آنے والی دو ماہ کی حاملہ مرسل کا ایک بیٹا کراچی میں پیدا ہوا جبکہ بڑا بیٹا افغانستان میں ماں کو ترستا رہا ۔
زبان کے فرق کی وجہ کوئی خاتون کی بات نہ سمجھ سکا ۔خاتون نے بالآخر ٹریفک وارڈن میرا پیارا ٹیم سے مدد طلب کی۔
قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنےآنے والے افغان ناظم الامور کو روک کر وارڈنز نے مدعا بیان کیا۔افغان ناظم الامور نے افغانستان کے علاقے کوتل میں خاتون کے شوہر کامل سعیدی کو ڈھونڈ نکالا۔
ورثاء کی شناخت کے بعد مرسل کی واپسی کے لیے افغان ایمبسی سے رابطہ کرکے کارروائی مکمل کی جارہی ہے ۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میرا پیارا ٹیم بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کے لیے روایت برقرار رکھے گی ۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ایشیاء کپ کے کچھ میچز کی میزبانی کی جس کے بعد اب سپر 4 مرحلے کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔