وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر اور رانا ثنا اللہ کی ملاقات میں آئندہ بجٹ اور آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں سے آزاد جموں و کشمیر کی بجٹ گرانٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجٹ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بجٹ گرانٹ میں اضافے کی تجویز پر مثبت غور کیا جائے گا۔ حکومت آزادکشمیر کی معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری تعاون فراہم کریں گے۔