سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) کی جوائنٹ ایمپلائز یونین نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔
سی اے اے ملازمین کی نمائندہ جوائنٹ ایمپلائز یونین آف سول ایوی ایشن کے سیکریٹری جنرل نے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کو خط لکھ دیا جس میں تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سیکرٹری جنرل کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ نئے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ٹیکس سلیب کے نفاز کے بعد ملازمین مزید پریشانی کا شکار ہیں۔
خط میں لکھا گیا کہ ملازمین کی پچیس فیصد تنخواہوں میں اضافہ ٹیکس سلیب کے حساب سے کیا جائے ۔
خط کے مطابق نئے ٹیکس سلیب کے ساتھ تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کے ساتھ مزاق ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں مہگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیا گیا۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ سی اے اے ملازمین کو عید بونس کی ادائیگی نا کئے جانے سے ملازمین پریشانی کا شکار ہیں۔