پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کریں گے۔
لیاری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خوشی ہو رہی ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کراچی کے عوام کیساتھ منارہا ہوں، وہ اسی شہر کراچی میں پیدا ہوئی تھیں، ان کا اس شہر اور عوام کیساتھ تعلق تاریخ میں لکھا ہوا ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ نے اپنے خوشی کے دن اسی شہر کے عوام کیساتھ گزارے، انکی شادی بھی اسی علاقے میں ہوئی تھی جبکہ میری پیدائش بھی اس علاقے کے قریب سرکاری اسپتال میں ہوئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمروں کا مقابلہ کیا، اس شہر کے لوگوں نے کبھی محترمہ کا ساتھ نہیں چھوڑا، آپ کی مدد اور آپ کیساتھ کی وجہ سے ہم تیسری بار منتخب ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کراچی کے مسائل پر توجہ دیں، مراد علی شاہ آہستہ آہستہ مسائل حل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے ، نتائج بھی نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کا مسئلہ ہے ، وزیر اعلیٰ حب ڈیم سے لائن لا رہے ہیں، سندھ ، بلوچستان ، جنوبی پنجاب اور کے پی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، اٹھارہ ، اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے اور بل زیادہ آتے ہیں، ہم غریب عوام کو مفت سولر سسٹم کی سہولت فراہم کریں گے ، سبسڈائز سولر سسٹم بھی عوام کو فراہم کریں گے اور پانچ سال بعد اس منصوبے کو مزید پھیلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے لے کر آئیں گے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں، یہ مشہور تھا کہ شہید بی بی آئیں گی تو روز گار لائیں گی، ہم لیاری ، کراچی اور پورے صوبے کے عوام کیلئے محنت کریں گے، ایسے منصوبے لے کر آئیں گے کہ نوجوان ترقی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالیں، مشکل وقت میں ملک کی معیشت کو سنبھالنا ہے ، امید ہے وزیر اعظم نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے، جدوجہد جاری رہے گی تب تک آپ کو حق نہیں دلاتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست عروج پر ہے، اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔