190 ملین پاونڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی جس دوران دو گواہوں کے بیان پر جرح مکمل کر لی گئی جبکہ عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سپر یٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طبی معائنے کی ہدایت کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اب تک مجموعی طور پر تیس گواہان کے بیانات ریکارڈ جبکہ چوبیس پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔ آج کی سماعت میں دو گواہوں کے بیان پر جرح مکمل جبکہ مزید دو گواہان پر ابتدائی جرح بھی کی گئی۔ سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی ائی،بشری بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔ ملزمان کے وکلاء عثمان گل، ظہیر عباس چوہدری و دیگر جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر چوہدری نذر، عرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے۔
ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔ آئندہ سماعت دو جولائی کو ابتدائی جرح میں شامل ہونے والے دونوں گواہوں پر جرح کا عمل مکمل کیا جائیگا۔