جامع مسجد وانا کے خطیب اور جمعیت علماء اسلام جنوبی وزیرستان کے ضلعی امیر مولانا مرزا جان شہید ہوگئے۔
مولانا مرزاجان کو عید سے دو دن پہلے نامعلوم موٹر سائکل سواروں نے فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا جس کے بعد وہ سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج رہے جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
جمعیت علماء اسلام کے مقامی رہنما دین سعید کو گزشتہ دنوں نامعلوم افراد نے علاقہ سرے خاورے میں شہید کردیا تھا۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مولانا مرزا جان کی شہادت حکومت کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں بڑھتی بدامنی اور علما کی ٹارگٹ کلنگ سے قوم میں عدم تحفظ پیدا ہوا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا مرزا جان کے قاتلوں کو بے نقاب اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔