آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بطور فوجی گھر، پیاروں سے دورعید منانے پر فخرمحسوس کرتے ہیں اور ملک اور ہم وطنوں کی سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آج لائن آف کنٹرول پر حاجی پیرسیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نمازادا کی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کیں اور پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جوانوں کے بلند حوصلے اور عزم کو بھی سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کشمیریوں پر بھارت کے جاری ظلم وستم کی مذمت کی اور مقبوضہ کشمیر میں عوام کی آزادی کی جدوجہد پر گفتگو کی، جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کونشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا معمول کا سیاسی آلہ بن چکے ہیں، انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کی کوشش کررہا ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن واستحکام کی حمایت کی ہے تاہم اشتعال انگیزی،علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی کا فوری جواب دیا جائے گا۔