عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان آج بھی برقرار ہے، خام تیل کی قیمتیں 3 ہفتے کی کم ترین سطح تک گرگئیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق برینٹ کروڈ آئل 92 سینٹ کمی کے بعد 89.79 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 92 سینٹ کمی کے بعد 87.90 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ خام تیل کی یہ قیمتیں 13 ستمبر کے بعد کم ترین سطح پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قدر میں بہتری اور سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے خام تیل کی قیمت میں کمی ہوئی۔ خام تیل کی سپلائی بڑھنے اور بلند شرح سود کی وجہ سے تیل کی طلب میں کمی کے خدشات ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا کی تین چوتھائی تیل کی قیمت کے لیے استعمال ہونے والے برینٹ فیوچرز کی قیمت میں جون میں سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے اعلان کے بعد سے تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ عالمی منڈی کے دونوں بڑے پیداواری ممالک سعودی عرب اور روس نے اپنی پیداوار میں کٹوتیوں کو سال کے آخر تک بڑھا دیا ہے۔