پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہوگئی اور تیزی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ تاریخ میں پہلی بار 76 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرکے بند ہوئی ۔
جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صرف ایک دن میں تاریخ کی سب سے بڑی 3400 پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی اور مارکیٹ میں 73، 74، 75، 76 ہزار پوائنٹس کی چار حدیں ایک ساتھ بحال ہوگئیں ۔
ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پچھلے دو ڈھائی ماہ میں 5 کمپنیز لسٹ ہوئی ہیں اور کافی اچھا انٹرسٹ ہے کمپنیز کا ، اور جب ہم ایڈوائزر سے بات کرتے ہیں وہ کہتے ہیں ہماری پائپ لائن فل ہے۔
سابق ڈائریکٹر پی ایس ایکس امین یوسف کے مطابق پہلے لگتا تھا لوگ کہہ رہے تھے کہ نارمل ٹیکس ہوجائے گا، تو وہ نہیں ہوا، وہ سب سے بڑے خدشات تھے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کچھ ٹویٹس آرہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے اس کی وجہ سے مارکیٹ کافی نیچے آگئی تھی، ابھی لگ رہا ہے کہ چیزیں بہتری کی طرف ہیں اور مجھے لگ رہا ہے یہ تسلسل رہے گا۔
جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 3411 پوائنٹس بڑھ کر 76208 پوائنٹس پر بند ہوا اور 30 ارب 70 کروڑ روپے مالیت کے 63 کروڑ 35 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔