قومی اقتصادی بجٹ 2024-25 کے پیش ہونے سے پہلے اتحادی حکومت میں اختلاف سامنے آگیا، سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، بجٹ میں تنخواہوں، کسانوں کے حوالے سے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماءسید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیساتھ اتفاق ہوا تھا چاروں صوبوں کی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) بیٹھ کرطےکریں گے، صوبوں کو فنڈز پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
اتحادی حکومت کے رہنماء نے بجٹ اجلاس سے پہلے بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی ہے ہم نے بریفنگ دی ہے ، بریفنگ میں اور بات چیت میں فرق ہوتا ہے، بجٹ میں تنخواہوں، کسانوں کے حوالے سے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔
رہنما پی پی سید خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور ہم ایک ہی کشتی کے سوار ہیں دونوں کا نقصان برابر ہوگا، اس نقصان سے بچنے کے لیے ہماری بات مانی جائے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کا بجٹ سے کوئی تعلق نہیں۔