افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کیخلاف مؤثر کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ بر وقت انٹیلیجنس کی بدولت عید الفطر کے بعد، ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہوناشروع ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسزنے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے یکم اپریل سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7 ہزار 745 آپریشنز کئے۔ خیبرپختونخوا میں دو ہزار 701 ایک ، بلوچستان میں 4 ہزار 902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران 181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12 جبکہ خیبرپختونخوا میں 42 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر ایک ماہ میں 61 دہشتگرد گرفتار بھی ہوئے۔
اس کے علاوہ، باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیاگیا ۔ دہشتگردوں کوسرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کےدوران ہلاک کیاگیا۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی۔ ناکامی کو چھپانے کیلیے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کی غریب عوام کو اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔ اس عرصے کے دوران بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والاٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جاچکا ہے۔