انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی ۔
پاکستان نے کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 107 رنز کا ہدف17.3اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر عبور کیا جس میں محمد رضوان نے 53 رنز کی اننگ کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔ ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور صائم ایوب نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیالیکن صائم ایوب صرف6 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
تیسرے نمبر پر آنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 33 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور 83 کے مجموعے پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔
چوتھے نمبر پر آنے والے فخر زمان بھی خاصی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 4 رنز بنا کر چھکے کی کوشش کرتے ہوئے کیچ آوٹ ہو گئے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر کینیڈا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 106 رنز بنائے ۔
کینیڈا کی جانب سے ایرون جانسن اور نونیت نے میدان میں اتر کھیل کا آغاز کیا لیکن نونیت 20 رنز کے مجموعے پر پر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے اور 4 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
ان کے بعد پراگت سنگھ نے کھیل کاآغاز کیا اور پانچویں اوور کی پہلی گیند پر 29 رنز کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے اور محض 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ساتویں اوور کی آخری گیند پر عماد وسیم نے نکولس کرٹن کو رن آؤٹ کیا، وہ محض ایک رنز کی اننگ کھیل سکے۔
نویں اوور کی تیسری گیند پر حارث رؤف نے شریش مووا کو آؤٹ کیا جبکہ اسی اوور کی 5 ویں گیند پر انہوں نے رویندر پال سنگھ کا بھی شکار کیا جو بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
13 ویں اوور کی تیسری گیند پر نسیم شاہ نے ایرن جانسن کو بولڈ کردیا، انہوں نے 50 رنز کی اننگ کھیلی۔
16 ویں اوور کی پانچویں گیند پر محمد عامر نے سعد بن ظفر کو آؤٹ کیا، وہ 11 رنز کی اننگ کھیل کر محمد رضوان کے ہاتھوں پکڑے گئے کیچ پر آؤٹ ہوئے۔
کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، اوپنر ایرن جانسن 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور حارث رؤف نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے کینیڈا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ، محمد افتخار کو باہر کرتے ہوئے صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابراعظم، فخر زمان، عثمان خان ، شاداب خان ، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رو ف اور محمد عامر شامل ہیں ۔
گزشتہ میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف افسوسناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اپنے پہلے میچ میں امریکہ سے اپ سیٹ شکست بھی کھائی۔