وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ کم آمدن والے طبقے کو مہنگائی سے بچایا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس کے معاملے پر آئی ایم ایف حکام کو اپنا نقطہ نظر سمجھایا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کم آمدن والے طبقےکو ہر حال میں ریلیف دیا جائے۔
وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ ٹیکس استثنیٰ کے مسئلے پر بھی آئی ایم ایف کو مختلف تجاویز دی ہیں، بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کم آمدنی والے افراد کو مہنگائی سے بچایا جائے۔
دوسری جانب ایک میڈیا انٹرویو میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور گھریلو استعمال کے لیے شمسی توانائی پیدا کرنے پر حکومت کا ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم کوشش ہوگی کہ شمسی توانائی کے حصول سے قومی گرڈ کو نقصان نہ پہنچے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ مجھے ٹیکس کا معلوم نہیں لیکن قابل تجدید توانائی کا موضوع وزیر اعظم کے دل کے قریب ہے تو بھرپور کوشش کریں گے کہ قابل تجدید توانائی کو کسی طرح قومی گرڈ کو نقصان پہنچا کر نظام میں شامل نہ کیا جائے۔