وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی پالی ہوئی حقیقت ہے۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا بانی پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتا ہے، فتنے کا حل یہی ہے اس کا سیاسی وجود کٹ ٹو سائز کیا جائے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات اور افہام وتفہیم کیلئے تیار ہیں، عدلیہ ، اسٹیبلشمنٹ اور سیاستدان مذاکرات کا کہہ رہے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں کسی کونہیں چھوڑوں گا، انہیں لایا ہی اسی لیے گیا تھا کہ سیاسی قوتوں میں اتفاق رائے نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ذریعے مفاہمت کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ علی امین گنڈا پور پیسکو سینٹر پر حملے کے بعد کارروائی سے بچنے کے لیے محسن نقوی سے ملے۔