مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پارٹی کو متحرک کرنے اور فعال بنانے کے لئے ملک گیر دوروں کا فیصلہ کرلیا۔
جمعہ کو مری میں میاں نواز شریف کی زیر صدارت لیگی سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
اجلاس کے دوران سینیٹرعرفان صدیقی نے نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صدارت میں ن لیگ پہلے سے مضبوط پارٹی بن کر ابھرے گی۔
سینیٹر سعدیہ عباسی کے اجلاس میں آنے پر نواز شریف نے ان کا کھڑے ہو کر استقبال کیا جبکہ دوران اجلاس سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جمہوریت کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔
نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور مریم نواز عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی کو فعال بنانے کیلئے چاروں صوبوں کا دورہ کروں گا، جلد کراچی کا دورہ بھی کروں گا جبکہ سندھ میں بھی مسلم لیگ ( ن) کی مضبوطی پر توجہ دی جائے گی۔