نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغان ٹریڈ کے نام پر تجارت کم اور سمگلنگ زیادہ ہورہی تھی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی واضح ہدایات ہیں کہ سمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کے نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا، اب ملک میں سمگلنگ کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔
اسلام آباد میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفرار بگٹی نے کہا کہ سمگلنگ اونٹوں پر نہیں ٹرکوں پر ہو رہی تھی،اس غیر قانونی کاروبار میں سیاستدانوں اور سرکاری افسران کے نام بھی شامل ہیں، جس کی روک تھام کے لیے مشترکہ چیک پوسٹیں بنا دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی خوراک ضروریات کےحوالےسےبھی ڈیٹااکٹھاکیاہے، جو قانونی طریقہ سےکام کررہےہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی ہے،ماہ ستمبرمیں 22سومیٹرک ٹن گندم سمگلنگ روکی گئی،ایک ماہ میں 8ہزارمیٹرک ٹن چینی کااسمگل شدہ ذخیرہ برآمدکیاگیا۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ آرمی چیف نے بھی اپنے لوگوں کو دو ٹوک کہہ دیا ہے کہاسمگلنگ میں ملوث افراد کے نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا، جبکہ ملکی معیشت کی خرابی کی ایک وجہ سمگلنگ بھی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف 168 مقدمات درج ہوئے،اور یہ کام کرنے والوں سے 65 کروڑ سے زائد ریکوری ہوئی،ڈالرکی اسمگلنگ میں ملوث افرادکیخلاف بھی کارروائی جاری ہے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے حالیہ اقدامات سےڈالر کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کرکے43ہزارمیٹرک ٹن منشیات کو پکڑاگیاہے،اورمنشیات کی خریدوفروخت کرنےپر252مقدمات درج کئےگئے،جبکہ 10ہزار 195لیٹرغیرقانونی پٹرول کوپکڑاہے۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کےآنےسےجرائم میں اضافہ دیکھاگیا،اسلام آباد کے اطراف دیہاتی علاقوں میں یہ بڑی تعدادمیں موجود تھے،ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے،پولیس کوہدایات دےدی ہیں اور کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف کاسیاست میں حصہ لینااچھی بات ہے،نوازشریف کےحوالےسےمیرےبیان کوغلط طورپرپیش کیاگیا،میں نےایسی کوئی بات نہیں کہی جس سےکسی کی دل آزاری ہو۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ راناثنااللہ کوحق ہےوہ جوبھی کہیں اس پرتبصرہ نہیں کرنا چاہتا،نوازشریف وہ لیڈرہےجوبیٹی سمیت جیل گئے،نوازشریف کا بدترین مخالف وزیراعظم تھاوہ تب بھی وطن واپس آئے۔
دریں اثنا نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایک ملاقات میں دوٹوک موقف اختیار کیا کہ ملک میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔
دونوں وفاقی وزراء نے حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے،مستونگ واقعے کی تحقیقات جاری ہے،بلوچستان میں جتنےبڑےواقعات ہوئےان میں را ملوث ہے۔
وفاقی وزراء نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت ہمارا فرض ہے۔اور دونوں وزرا نے ملک میں انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کےلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔