اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اظہرمشوانی کے بھائیوں، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ رات گئے اظہر مشوانی کےگھرپر چھاپہ مارکر ان کے دوبھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری قابل مذمت ہے۔ اظہر مشوانی کے بھائیوں، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی فوری رہائی کامطالبہ کرتے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ جمہوریت میں آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، پی ٹی آئی کا ہر کارکن محب وطن ہے، تحریک انصاف کے کارکنان کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ قائد کے پیچھے کھڑے ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ 50 سال بعد آئی اور آگاہی پیدا ہوئی، آگاہی ہی قوموں کی ترقی کا باعث بنتی ہے، دوسرے ملکوں میں بھی 30 سال بعد کوئی راز نہیں رکھا جاتا۔ ہم نہیں چاہتے کہ جو غلطیاں ہوگئی انھیں دہرائیں اور نقصان اٹھائیں۔ عوام کے مینڈیٹ کو واپس کیا جائے، سیاسی استحکام آجائے گا۔