سری لنکا نے ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا جبکہ افغانستان کا ایونٹ میں سفر تمام ہوگیا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں افغان ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد لنکن ٹیم سپرفور مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی جبکہ افغان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
ایونٹ کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، کسال مینڈس 92 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے جبکہ پتھم نسانکا نے 42، چارتھ اسالنکا نے 36 اور دیموتھ کرونارتنے نے 32 رنز کی اننگ کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب سے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں افغان ٹیم 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 289 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، محمد نبی 65 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ حشمت اللہ شاہدی نے 59، رحمت شاہ نے 45 اور راشد خان نے 27 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ افغان ٹیم 292 رنز کا ہدف 37.1 اوور میں پورا کر کے سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کرسکتی تھی۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے کوالیفائی کرنے کے بعد ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے ، پاکستان، بھارت اور بنگلادیش کی ٹیمیں سپرفور میں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔