شاہراہ دستور پر پولیس اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی خاتون برطانوی سفارتکار نکلی۔
اسلام آباد پولیس نے برطانوی ہائی کمیشن کی تھرڈ سیکرٹری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کرلیا۔ برطانوی سفارتکار سٹیسی جوانے سوٹوکی کے خلاف مقدمہ سرکارکی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں لاپرواہی اور اشارہ توڑنے کی دفعات شامل ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کی تھرڈ سیکرٹری کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق انہوں نے تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس پر سوار پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی پولیس اہلکار امیر داد کاکڑ سیکورٹی ڈویژن میں تعینات ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی ہائی کمیشن کی ایک خاتون اہلکار کی گاڑی پولیس اہلکار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کانسٹیبل امیر داد اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد موٹرسائیکل پر واپس اپنی رہائش گاہ کی جانب جا رہے تھے کہ برطانوی ہائی کمیشن کی خاتون اہلکار کی گاڑی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کے سامنے پیش آیا۔
اس حوالے سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ان کے ایک اہلکار کو سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے عملے میں شامل ایک اہلکار کو سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے تمام ضروری قواعد پر عمل کیا اور ہم مقامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔