ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کا سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا۔
پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزاؤں کو کالعدم کرتے ہوئے انہیں کیس سے بری کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ ہمیں اتنی بڑی جیت دی ہے، آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے فیصلہ کالعدم کیا۔
لازمی پڑھیں۔ سائفر کیس میں بریت کے بعد شاہ محمود قریشی جیل سے رہا ہوں گے یا نہیں ؟
زین قریشی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا یہ سیاسی کیس ہے اور جب بھی معاملہ کھلے گا سچ سامنے آجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سب سے پہلے اپنی لیگل ٹیم کا شکر گزار ہوں، ججز نے ریمارکس دیے کہ شاہ محمود قریشی کی حد تک کچھ ثابت نہیں ہوا، اب شاہ محمود پر اس کے علاوہ کوئی کیس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا ہوا ہے اور ہم بدھ کو ان مقدمات میں ضمانت کی درخواست دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پرامید ہیں کہ شاہ محمود قریشی یہ عید گھر پر گزاریں گے۔