پاکستان آرمی دفاع وطن کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، پاکستان آرمی ایک منظم ادارہ ہے، جس میں مختلف ٹریننگ سکولزسپاہ کی تربیت اور قابلیت کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ان ٹریننگ سکولوں میں لاجسٹک، میڈیکل،جنگی تربیت اور میوزک بینڈ سےمتعلقہ سپاہ کو خصوصی تربیت فراہم کی جاتی ہے، آرمی سکول آف میوزک1962ء سےمیوزک کے مختلف آلات کی ٹریننگ اور کورسز منعقد کروارہا ہے، آرمی سکول آف میوزک کا پبلک سیکٹر میں آرکیسٹرل اور موسیقی کو روشناس کرانے میں اہم کردار اور تعاون رہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ آرمی سکول آف میوزک نے انتھک محنت اور کاوشوں سے جدید”ایبٹ میوزک سٹوڈیو“ کا قیام بھی عمل میں لایا ہے،اس سٹوڈیو میں پریمیئرساؤنڈ ریکارڈنگ، ڈبنگ اور ماسٹرنگ کی سہولت موجود ہے،ایبٹ میوزک سٹوڈیو میں آڈیوویژول پروڈکشن جیسی سہولیات کا مقصد فنکاروں کو بہترین تخلیقی ماحول میسر کرنا ہے، سٹوڈیو میں گانوں اور ڈرامہ ریکارڈنگ کیساتھ ساتھ کارپوریٹ ساؤنڈ ڈیزائن اور آرکائیونگ کی سہولت بھی میسر ہے۔
ایبٹ میوزک سٹوڈیو کا کنٹرول روم جدید ساؤنڈ پروسیسنگ آلات سے لیس ہے جبکہ سٹوڈیو میں 64 الگ الگ چینلز کو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے،آرمی سکول آف میوزک ایبٹ آباد کے زیراہتمام 5 تا 6 جون" نیشنل میوزک کانفرنس" کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے،اس کانفرنس میں ملک بھر سے نامور موسیقار شرکت کرینگے جہاں پاکستان کی موسیقی کو فن کی نئی بلندیوں تک لیجانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور و فکر ہوگا۔
نیشنل میوزک کانفرنس کا مقصد موسیقی کے میدان میں تعاون، جدت اور عمدگی کو فروغ دینا ہے، کانفرنس کے مختلف سیشنز کے دوران علم موسیقی کے تبادلے اور نامور موسیکاروں کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا، ایبٹ میوزک سٹوڈیو پاکستان کی میوزک انڈسٹری کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی سطح کے معیار پر لانے کیلئے مستقبل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔