وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
بدھ کو وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں خریف سیزن کے دوران چینی کے اسٹاک کی پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق صوبوں نے خریف سیزن کے دوران چینی کے موجودہ اسٹاک کی پوزیشن اور ڈیمانڈ پیش کیں۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اس سال شوگر کی مجموعی پیداوار 68 لاکھ میٹرک ٹن ہے، پچھلےسال کا اضافی اسٹاک 7 لاکھ میٹرک ٹن ملز کے پاس موجود ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی کی سالانہ ملکی ضروریات 60 لاکھ میٹرک ٹن ہیں، اس وقت 45 لاکھ میٹرک ٹن اسٹاک شوگر ملز کے پاس موجود ہے۔
شوگرملزایسوسی ایشن کے مطابق ملکی ضروریات سے زیادہ 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی فاضل موجود ہے۔
پی ایس ایم اے نے مطالبہ کیا کہ شوگر انڈسٹری کو بچانے کیلئے فاضل چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے، تاہم، چینی برآمد کرنے کا فیصلہ حکومت کے مختلف محکموں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔