مسلم لیگ ( ن ) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ضرورت ہے، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر ( ن ) لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ شاہدرہ کا نواز شریف سے لازوال رشتہ ہے، جوبھی حالات ہوں شاہدرہ نے اپناراستہ نہیں بدلا اور نہ ہی نواز شریف کا ساتھ چھوڑا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کارکنان نے اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑا، مشکل وقت میں بھی شاہدرہ سے شیر کی آوازآئی ، نوازشریف کی آمد آمد ہے، تیاریوں کا آغاز میں نے شاہدرہ سے کیا ہے،انہیں شاہدرہ والوں سے ملنے کا بتایا تو انہوں نے کہا ان کو میرا سلام کہنا، 4 سال بعد نوازشریف اور شاہدرہ والوں کی ملاقات 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پرہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ، بیروزگاری ، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آرہا ہے، پاکستان کے سینے پر جو زخم لگے ان پر مرہم رکھنے والا نوازشریف آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری بار مہنگائی میں کمی نوازشریف کے دور میں دیکھی گئی تھا، نوازشریف کا دور تھا لوگ بل بھی دیتے تھے چولہا بھی جلتا تھا، جب سے نواز شریف کو نکالا تو ہمارے گھروں سے روشنی نکل گئی ، ملک کے گلیوں شہروں سے سکون چلا گیا،عوام کا سکون چھین لیا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ نواز شریف سے سب چھیننے والے عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں، انہوں نے جس کو عبرت کا نشان بنانا چاہا اس کے استقبال کی تیاریاں ملک کر رہا ہے، نوازشریف کو ختم کرنے کی کوشش پہلی نہیں تھی ، ہربار کی طرح نوازشریف پہلے سے طاقت ور ہو کر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے نواز کو نکالا وہ تاریخ کے کوڑے دان میں پڑا ہے، نوازشریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں،جس نے کہا تھا نوازشریف کبھی نہں آئے گا وہ گھر میں بیٹھ کر دیکھ رہا ہے وہ واپس آرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے جو ذاتی نقصانات اٹھائے اس کا کوئی ازالہ نہیں کر سکے گا، آج نوازشریف کا استقبال کرنے کے لیے اسکی بیوی نہیں ہوگی، اس کو دعا دینے والی ماں نہیں ہوگی، مگر پھر بھی نواز شریف ملک کی خاطر واپس آرہا ہے، 21اکتوبر کو اس ملک میں امید اور ترقی کی واپسی ہے۔