سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ بہادری سے لڑتے ہوئے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد زخمی ہوگئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہوگئے۔25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر شہید ضلع رحیم یار خان کے رہائشی تھے۔ شہید حوالدار شفیق اللہ کی عمر 38 سال اور تعلق ضلع کرک تھا۔
ترجمان کے مطابق کیپٹن حسین جہانگیر شہید نے 4سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، کیپٹن حسین جہانگیر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔ حوالدار شفیق اللہ شہید نے 18 سال تک دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں، حوالدار شفیق اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری رہے گا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر اعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہبازشریف نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیس کیا اور جام شہادت نوش کرنیوالے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کے بلند درجات کی دعا کی،
اپنے خصوصی بیان میں شہبازشریف نے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداکوخراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔