خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں شدید گرمی کے پیش نظر سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبہ بھر میں اسکول صبح8 بجے کے بجائے7بجے کھلیں گے، پرائمری سکیشن کی چھٹی11 بجے جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیرسکینڈری اسکولوں کی چھٹی12 بجے ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق پرائمری اسکولوں کی گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے31اگست تک ہوں گی، مڈل، ہائی اورہائیراسکینڈری اسکولوں کی چھٹیاں15جون سے31اگست تک ہوں گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سرمائی علاقوں کے اسکولوں میں یکم جولائی سے31اگست تک چھٹیاں ہوں گی۔ اعلامیے کے مطابق اسکولوں کے اوقات کارشدید گرمی کے باعث تبدیل کیے گئے۔
دوسری جانب وفاقی وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے اسکول اوقات میں مزید کمی کر دی۔ سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ کل سے اسکول صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 تک کھلیں گے۔ اس سے قبل اوقات کار صبح ساڑھے 7 سے دوپہر ایک بجے تک کئے گئے تھے۔