فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ جمع کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1978 ارب روپے کے تفویض کردہ ہدف کے مقابلہ میں 2041 ارب روپے جمع کرلئے جو کہ ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ ہیں۔ سال 2022 میں اسی عرصہ کے دوران 1644 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔
ایف بی آر نے ستمبر کے مہینے میں محصولات جمع کرنے کا ہدف پورا کرنے کے لئے غیر معمولی کوششیں کی ہیں اور 794 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 834 ارب روپے جمع کئے ہیں جبکہ سال 2022 میں اسی مہینے میں 688 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔
اعداد وشمار کے مطابق ستمبر کے مہینے میں 37 ارب کے ریفنڈز بھی جاری کئے گئے جبکہ ستمبر 2022 میں 18 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔ تاہم ستمبر 2023 کے دوران درآمدات میں شدید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
گذشتہ ماہ کے دوران درآمدی ٹیکس کی مد میں 299 ارب روپے جمع کئے گئے تھے جبکہ رواں مہینے کے دوران درآمدات کی مد میں صرف 254 ارب روپے کے ٹیکس جمع کئے جاسکے ہیں۔
ایف بی آر نے 45 ارب کی کمی کو ڈومیسٹک ٹیکسوں سے خاص طور پر براہ راست ٹیکسوں سے پورا کیا ہے۔ ٹیم ایف بی آر نے ہدف پورا کرنے کےلئے زبردست محنت کی ہے۔ ایف بی آر کے افسران اور ملازمین نے اپنے کام سے لگاؤ کا مثالی مظاہرہ کیا ہے۔ ایف بی آر نہ صرف رواں مالی سال کے آئندہ مہینوں کے دوران اپنے تفویض کردہ ہدف کو پورا کرنے بلکہ اسے عبور کرنے کے لئے پرعزم ہے۔