رواں مالی سال معاشی ترقی کا ساڑھے 3 فیصد کا ہدف پورا نہ ہوسکا۔ 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران شرح نمو ڈھائی فیصد سے بھی کم رہے گی۔ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے عبوری اعداد و شمار کی منظوری دے دی۔
رواں مالی سال معاشی ترقی کا حکومتی ہدف تھا 3.5 فیصد لیکن اس کی شرح 2.38 فیصد تک محدود رہی، نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے معاشی ترقی کے بوری اعداد و شمار اور رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے نظرثانی شدہ تخمینے کی منظوری دے دی۔
رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں شرح نمو 2.71 فیصد، دوسری سہہ ماہی 1.79 فیصد اور تیسری سہہ ماہی میں جی ڈی پی گروتھ 2.09 فیصد رہی، زراعت 3.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 6.25 فیصد کی شرح سے پھلی پھولی۔
گندم، کپاس اور چاول سمیت اہم فصلوں کی پیداوار 3 فیصد ہدف کے مقابلے میں 16.82 فیصد رہی۔ گندم کی پیداوار 3 کروڑ 14 لاکھ میٹرک ٹن، کپاس کی ایک کروڑ گانٹھیں جبکہ چاول کی پیداوار 98 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن حاصل ہوئی۔ البتہ گنے کی پیداوار0.39 فیصد اور مکئی کی 10.35 فیصد کم تھی۔
رواں مالی سال صنعتوں اور خدمات کے شعبے کی ترقی کی رفتار 1.21 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صنعتی شعبے کا ہدف 3.4 فیصد اور خدمات کا 3.6 فیصد تھا۔ ہول سیل اور ری ٹیل سیکٹر کی گروتھ بھی 2.8 فیصد ہدف کے مقابلے صرف 0.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل اکاونٹس کمیٹی نے مالی سال 2021-22 اور 2022-23 کے نظرثانی شدہ اعدادوشمار کی بھی منظوری دے دی۔