سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ واپس نا کرنے کے کیس میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ واپس نا کرنے کے کیس میں ایف آئی اے کیجانب سے سول جج عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے سردار تنویر الیاس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ سردار تنویر الیاس کی جانب سے صابر ملک ایڈوکیٹ اور نوید رضا مغل ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے کیجانب سے سردار تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔
سردار تنویر الیاس قانون کے مطابق وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ استعمال نہیں کرسکتے تھے، ان کا پاسپورٹ کینسل کیا گیا مگر انہوں نے تاحال واپس نہیں کیا، پاسپورٹ ریکور کروانا ہے آٹھ دن کا ریمانڈ دیا جائے۔
وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سردار تنویر الیاس سابق وزیر اعظم ہیں ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ہم پاسپورٹ عدالت میں پیش کردیتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس کو گزشتہ روز ایف ائی اے نے گرفتار کیا تھا۔