پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما سید علی قاسم گیلانی این اے 148 کے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوگئے۔
اتوار کو ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کا میدان سجا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک مدمقابل تھے۔
پولنگ کے بعد موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی امیدوار علی قاسم گیلانی نے بیرسٹر تیمور ملک کے خلاف ضمنی انتخاب میں کامیابی سمیٹ لی ہے۔
275 پولنگ اسٹیشن کے مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق علی قاسم گیلانی 83 ہزار 250 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مخالف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور الطاف ملک 51 ہزار 572 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
سید علی قاسم گیلانی نے بیرسٹر تیمور الطاف ملک کو واضح برتری سے شکست دی۔
علی قاسم کی میڈیا سے گفتگو
کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی قاسم گیلانی کا کہنا تھا کہ جیت کی بہت خوشی ہورہی ہے، حلقے کی عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے سپورٹ کیا، اپنے حلقے کی عوام کیلئے جنگ لڑوں گا۔
علی قاسم گیلانی کا کہنا تھا کہ 40 سال یوسف رضا گیلانی نے اس حلقے کی خدمت کی، اگلے پانچ سال اپنے والد کے نقش قدم پر حلقے کی عوام کی خدمت کروں گا۔
یاد رہے کہ علی قاسم گیلانی سابق وزیر اعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ہیں اور جنرل الیکشن میں این اے 148 سے سید یوسف رضا گیلانی نے کامیابی سمیٹی تھی تاہم، بعدازاں، انہوں نے قومی اسمبلی کی اس نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔