بھارت نے 2 ہزار روپے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔ مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ 96 فیصد نوٹ واپس موصول ہوگئے۔
بھارتی حکومت نے 2 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ بند کرنے کا اعلان کچھ عرصہ قبل کیا تھا، جس کیلئے 30 ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
بھارت کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے 2 ہزار روپے کے 96 فیصد کرنسی نوٹ واپس موصول ہوگئے ہیں۔
ریزرو بینک آف انڈیا کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے 2 ہزار روپے نوٹ تبدیل کرانے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہری 2 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ 7 اکتوبر 2023ء تک تبدیل کراسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد نجی بینکوں میں بند ہونیوالے نوٹوں کا تبادلہ نہیں کیا جاسکتا تاہم لوگ ریزرو بینک آف انڈیا کی 19 نامزد کردہ شاخوں سے نوٹ تبدیل کراسکیں گے۔
بھارتی مرکزی بینک نے کہا ہے کہ زیر گردش 2,000 روپے کے نوٹوں کی کل قیمت 29 ستمبر تک 140 بلین روپے رہ گئی تھی جو 19 مئی تک 3.56 ٹریلین روپے تھی۔
آر بی آئی کا کہنا ہے کہ جمعہ تک 2 ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں میں سے 96% واپس آچکے ہیں، جن کی مالیت 3.42 ٹریلین روپے ($41.19 بلین) ہے۔