پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کے دعویدار فوج سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کا لیڈر رُو رہا ہے، مجھے نکالو مجھے نکالو، ایک رات کی جیل سے گھبرا کر بغاوت کا اعلان کیا گیا اور کارکنان کو فوجی تنصیبات پر حملوں کا حکم دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی قیادت کیخلاف بغاوت کی کوشش ناکام ہوئی۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جانتے ہیں کس کے پاؤں پکڑنے ہیں، یہ لوگ اُنہی کے پاؤں پکڑ کر زبردستی مداخلت کرانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی منافقت کی سیاست کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری انداز سے احتجاج کرے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت سے بات چیت کرے، حکومت کو تجویز دوں گا، بجٹ میں اپوزیشن سے مشاورت کرے، آنے والے بجٹ میں اپوزیشن کا ان پٹ ہونا چاہیے۔