پاکستان نے ’’فتح2‘‘ گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے دفاعی شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔ راکٹ چار سو کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاک فوج اور سائنسدانوں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو راکٹ جدید ترین نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے ۔ یہ راکٹ چار سو کلو میٹر تک انتہائی درستی کے ساتھ اہداف کونشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ فتح ٹو راکٹ سسٹم کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژن میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ چیف آف دی جنرل اسٹاف سمیت مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور سائنسدانوں نے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاک فوج اور سائنسدانوں کو فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ راکٹ سسٹم پاک فوج اور سائنسدانوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ پاک فوج اور سائنسدانوں کی محنت ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا رہی ہے۔