پنجاب کی جیلوں سے متعلق سیکیورٹی تھریٹس کے باعث اڈیالہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر آج ہونے والی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے آج اڈیالہ جیل میں سماعت کرنا تھی۔ جیل حکام نے اپنے خط میں پنجاب حکومت کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی، میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور اٹک کی جیلوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔
خط کے مطابق اڈیالہ جیل صوبے کی حساس ترین جیل ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے جیلوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کی جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر 3 دن کے لیے پابندی بھی عائد کردی گئی تھی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق 15 مئی کی رات 12بجے تک ہوگا اور یہ فیصلہ جیل اطراف میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کو جیل کے اطراف میں سرچنگ کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنےکیلئے جیل کے اندر ہنگامی مشقیں کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔