وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ تحائف کے قوانین میں ترامیم اور اپیلیٹ ٹریبیونل ان لینڈ ریونیو ( کنڈیشنز آف سروس) رولز 2024 کی منظوری دے دی۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد اپیلیٹ ٹریبیونل ان لینڈ ریونیو( کنڈیشنز آف سروس) رولز کے تحت اپیلیٹ ٹریبیونلز ان لینڈ ریوینیو کے ممبران کی تعیناتی کی جائے گی جبکہ ان ٹربیونلز کا بنیادی مقصد ٹیکس سے متعلق زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانا ہے ۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 میں ترامیم پر مشاورت کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے جس کی صدارت وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کریں گے جبکہ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
کابینہ نے سرمایہ کاری محتسب کی تعیناتی کے قوانین کی شق تین ایک ای میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی جبکہ سات مئی کو ہونے والے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی کابینہ توثیق بھی کردی۔